گجرات: حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو، جس میں ایک شخص کو اپنی بیوی اور نومولود بچی پر مبینہ تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، اس حوالے سے گجرات پولیس نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق یہ ویڈیو ڈیڑھ سے دو سال پرانی ہے اور واقعے کے وقت میاں بیوی کے درمیان بعد ازاں صلح ہو چکی تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ خاتون نے اُس وقت تھانے میں کوئی باضابطہ درخواست جمع نہیں کروائی تھی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص، جو متاثرہ خاتون کا شوہر ہے، اس وقت بیرونِ ملک (مسقط) میں مقیم ہے۔ حالیہ کشیدگی خاتون اور اس کے سسرالی رشتہ داروں کے ساتھ جاری تنازع کا نتیجہ ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون نے اب باقاعدہ طور پر تھانہ صدر گجرات میں مقدمہ درج کرا دیا ہے، جس پر مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو کے مندرجات اور واقعے کی نوعیت کے پیش نظر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔