ہفتہ, 26 اپریل , 2025

بارشوں کے دوران نقصانات سے بچنے میں مددگار آسان احتیاطی تدابیر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

برسات کے موسم میں حادثات کی روک تھام کے لیے چند احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے۔ اگر ہم ذرا سی احتیاط برتیں تو اس موسم میں جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔

گزشتہ چند دنوں سے ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

latest urdu news

بارشوں کے موسم میں شہریوں کو کچھ احتیاطی تدابیر اپنانے اور بنیادی انتظامات کرنا لازمی ہیں جن کی وجہ سے حادثات سے بچا جاسکتا ہے۔

چھتری اور رین کوٹ کا استعمال:

بارش کے موسم میں باہر جاتے وقت چھتری یا رین کوٹ کا استعمال کرنا نہ بھولیں۔ یہ نہ صرف آپ کو بارش سے بچائے گا بلکہ آپ کے قیمتی سامان، جیسے موبائل فون، کو بھی بھیگنے سے محفوظ رکھے گا۔ پلاسٹک بیگ بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے، جس میں آپ اپنے قیمتی سامان کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

گھر کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں:

بارش کے دوران پانی کے گھر میں داخل ہونے سے بچنے کے لیے دروازے اور کھڑکیاں اچھی طرح بند رکھیں۔ اس سے نہ صرف گھر کے فرنیچر کو نقصان سے بچایا جا سکتا ہے بلکہ گھر کے اندر پانی بھرنے سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

بجلی کے پول اور تاروں سے دور رہیں:

بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، لہٰذا بجلی کے پول اور گری ہوئی تاروں سے فاصلہ رکھیں۔ ان تاروں میں موجود برقی رو آپ کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

کھڑے پانی سے گزرنے سے گریز کریں:

بارش کے بعد کھڑے پانی والے علاقوں سے گزرنے سے پرہیز کریں، کیونکہ پانی کے نیچے کھلے گٹر یا دیگر خطرناک چیزیں چھپی ہو سکتی ہیں۔ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور صرف ایمرجنسی کی صورت میں باہر نکلیں۔

گاڑی کی رفتار کم رکھیں:

بارش کے موسم میں سڑکیں گیلی اور پھسلن دار ہو جاتی ہیں، جس سے گاڑیوں کے پھسلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اچانک بریک لگانے اور موڑنے سے گریز کریں، اور آگے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ گاڑی کی ہیڈلائٹس آن رکھیں تاکہ آپ کی گاڑی دوسروں کو واضح طور پر نظر آئے۔

برقی آلات کے پلگ نکال دیں:

بارش کے دوران برقی آلات کو ان پلگ کر دینا محفوظ رہتا ہے، کیونکہ وولٹیج کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے شارٹ سرکٹ کا خطرہ ہوتا ہے۔ اپنے گھر میں موجود تمام برقی آلات کے پلگ کو ساکٹ سے نکال دیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

یہ احتیاطی تدابیر آپ کو برسات کے موسم میں محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گی اور آپ حادثات سے بچ کر محفوظ رہ سکیں گے۔

News Alert Urdu

شیئر کریں:
frontpage hit counter