وفاقی حکومت رواں سال دسمبر میں گرین لائن بس سروس منصوبہ سندھ حکومت کے سپرد کرے گی۔
وفاقی حکومت نے گرین لائن بس سروس منصوبہ سندھ حکومت کو سپرد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس سلسلے میں حکومت سندھ کی جانب سے گرین لائن بس سروس منصوبے کے آپریشنز سنبھالنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
اس متعلق وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا ہے، جس میں گرین لائن بس سروس کے آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ گرین اور اورنج لائن منصوبوں کو جوڑنے کا کام دسمبر 2024 سے پہلے مکمل ہو جائے گا، وفاق کی گرین لائن پر 2 ارب روپے کی سبسڈی کے فیصلے پر حکومت سندھ نظر ثانی کرے گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبے کی سندھ حکومت کو منتقلی کے بعد اس میں مزید بسیں شامل کریں گے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور ایم پی اے فریال تالپور کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سانحہ کارساز کی برسی پر حیدرآباد میں ہونیوالے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور سعید غنی بھی موجود تھے۔