وفاقی حکومت کا توانائی کی بچت کے لیے بڑا قدم: پرانے پنکھوں کی جگہ توانائی بچانے والے پنکھے لگانے کا فیصلہ۔
وفاقی حکومت نے ملک بھر میں توانائی کی بچت کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پرانے بجلی خور پنکھوں کو کم بجلی استعمال کرنے والے جدید پنکھوں سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے "پنکھا تبدیلی پروگرام” کے نام سے ایک قومی مہم جلد شروع کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس پروگرام پر پیشرفت کے جائزے کے لیے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری اور گورنر اسٹیٹ بینک سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پنکھا تبدیلی پروگرام کی تیاری، شیڈول اور بینکنگ نظام سے انضمام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے پروگرام کے عملی نفاذ کے لیے درکار پیشگی شرائط اور لوجسٹک تیاریوں سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف توانائی کی بچت کا باعث بنے گا بلکہ صارفین کے بجلی کے بلوں میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔ ان کے مطابق یہ پروگرام ملک کے اقتصادی استحکام اور ماحولیاتی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام انتظامی اور تکنیکی تیاریاں اگلے دو سے تین ہفتوں میں مکمل کی جائیں تاکہ رواں ماہ کے آخر تک پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز ممکن بنایا جا سکے۔
پروگرام کے تحت مرحلہ وار ملک بھر کے گھروں، دفاتر اور عوامی مقامات پر نصب پرانے پنکھوں کو توانائی بچانے والے جدید پنکھوں سے تبدیل کیا جائے گا، جس سے نہ صرف بجلی کے استعمال میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ توانائی کے شعبے پر موجود دباؤ بھی کم ہو گا۔