حکومت کا چینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی مصنوعی مہنگائی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے، آئی بی، ایف بی آر اور دیگر اداروں کو اختیارات دے دیے، ذخیرہ اندوزوں اور کارٹل مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر چھاپے اور گرفتاریاں متوقع۔

اسلام آباد، حکومت نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے، سٹے بازی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی ہے۔
نجی نیوز ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے پر سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے، انٹیلیجنس بیورو (آئی بی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل اختیارات تفویض کر دیے ہیں۔

latest urdu news

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے، ذخیرہ اندوزی اور کارٹلائزیشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ اس ضمن میں مختلف اداروں کو اپنی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں بڑے پیمانے پر چھاپوں، گرفتاریوں اور دیگر سخت اقدامات کی توقع کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ کسی کو بھی عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو عناصر مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع کما رہے ہیں، ان کے خلاف ریاست پوری قوت سے نمٹے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ملک میں چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا تھا، جس پر عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ حکومت پہلے ہی گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت کے خلاف بھی کارروائیوں میں مصروف ہے اور اب چینی مافیا کے خلاف بھی فیصلہ کن اقدام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter