پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ حالیہ دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ حکومت فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر بھاری ٹیکس وصول کر رہی ہے، جو موجودہ قیمت کا تقریباً ایک تہائی حصہ بنتا ہے۔
دستاویزات کے مطابق، فی لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 94 روپے 89 پیسے اور فی لیٹر ڈیزل پر 95 روپے 35 پیسے ٹیکس لاگو کیا جا رہا ہے۔ یہ ٹیکسز پیٹرول کی قیمت کا 36 فیصد اور ڈیزل کی قیمت کا 35 فیصد بنتے ہیں۔
پیٹرول پر 14 روپے 37 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 78 روپے 2 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہیں۔
ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 77 روپے ایک پیسہ پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی وصول کی جا رہی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ان ٹیکسز سے حاصل ہونے والی آمدنی بجٹ خسارے کو کم کرنے، ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے اور ماحولیاتی اقدامات کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ تاہم، عوامی حلقوں میں ان ٹیکسز کی بلند شرح پر شدید تنقید بھی جاری ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مہنگائی کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔