وفاقی حکومت نے یکساں بجلی نرخوں کے نفاذ کے لیے نیپرا سے رجوع کرلیا، ٹیرف کو یکم جولائی 2025 سے نافذ کرنے کی تجویز، سماعت یکم جولائی کو ہوگی
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کے لیے یکساں ٹیرف نظام نافذ کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے نیپرا سے رجوع کر لیا ہے، جس پر باقاعدہ سماعت یکم جولائی کو ہوگی۔
پاور ڈویژن نے نیپرا ٹیرف قواعد 1998 کے قاعدہ 17 کے تحت درخواست جمع کرائی ہے، جس میں حکومت کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجوزہ ٹیرف میں سبسڈی اور انٹر ڈسکوز ریٹ ریشنلائزیشن شامل کی جائے، تاکہ ملک بھر کے تمام بجلی صارفین کو مساوی نرخ میسر آئیں۔
حکومت نے تجویز دی ہے کہ نیا یکساں ٹیرف نظام یکم جولائی 2025 سے نافذ کیا جائے۔ نیپرا حکام کے مطابق، یکم جولائی کی سماعت میں وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست پر غور ہوگا، جس میں ٹیرف، سبسڈی اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے درمیان نرخوں میں توازن پر بھی بات چیت ہوگی۔
تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس سماعت میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی تجاویز اور تحفظات پیش کر سکیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل نیپرا نے بجلی کے بنیادی نرخوں میں اوسطاً ایک روپیہ 50 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 34 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یکساں ٹیرف نظام سے مختلف علاقوں میں بجلی کے نرخوں میں پائے جانے والے تفاوت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ صارفین کو مساوی سہولت فراہم کی جا سکے۔