وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کراچی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں گرین لائن، آئی ٹی پارک اور ضلعی انفرااسٹرکچر منصوبے شامل ہیں۔
اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں کراچی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جیو نیوز کو موصول بجٹ دستاویزات کے مطابق گرین لائن منصوبے کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ پہلے سے آپریشنل گرین لائن بی آر ٹی کے لیے 18 کروڑ 50 لاکھ روپے رکھے جائیں گے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے ضلع غربی میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے 10 کروڑ روپے، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں 12 کروڑ روپے، جبکہ لانڈھی اور کورنگی ٹاؤن میں سڑکوں، پانی، نکاسی آب اور پلے گراؤنڈز کی بہتری کے لیے 11 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح ضلع وسطی میں پارک ایشین فٹبال گراؤنڈ کے لیے 10 کروڑ روپے، ضلع کورنگی اور ملیر میں سڑکوں، گلیوں اور نکاسی آب کے منصوبوں کے لیے 5 کروڑ روپے اور ضلع شرقی میں وفاقی بجٹ کے تحت منصوبوں کے لیے 10 کروڑ روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں، ضلع جنوبی اور ضلع غربی میں کے ایم سی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 7 کروڑ 50 لاکھ روپے، جبکہ ضلع وسطی کی مختلف یونین کونسلوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے بھی 7 کروڑ 50 لاکھ روپے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
کراچی میں آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے وفاقی حکومت نے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت آئی ٹی پارک کراچی کے لیے 4 ارب روپے کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جو شہر کے ٹیکنالوجی انفرااسٹرکچر کو جدید بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، جہاں انفرااسٹرکچر اور پبلک ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی کمی ہمیشہ سے ایک بڑا مسئلہ رہی ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے مختلف حکومتیں ترقیاتی وعدے کرتی آئی ہیں، تاہم مستقل اور مربوط فنڈنگ کی کمی نے ان منصوبوں کو ادھورا رکھا۔ موجودہ بجٹ میں ان منصوبوں کے لیے واضح فنڈز کی مختصی کو شہری حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔