کراچی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ فنانس بل 2024-25 کی باضابطہ منظوری دے دی ہے ، جس کے بعد یہ بل یکم جولائی سے نافذ العمل ہو چکا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بل کی منظوری کے بعد صوبے میں نئے مالی سال کے ٹیکس اور محصولات سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کا آغاز ہو گیا ہے۔
بل میں ایک اہم ترمیم یہ کی گئی ہے کہ موٹر سائیکل کو لازمی انشورنس کی شرط سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے، جو خاص طور پر کم آمدنی والے طبقے کے لیے بڑی سہولت تصور کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ فنانس بل میں تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر، آئی ٹی، پیشہ ورانہ ٹیکسیشن اور مینوفیکچرنگ سمیت متعدد شعبوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے تاکہ عام آدمی پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے اور صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ معاشی دباؤ کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جائیں اور فنانس بل اسی وژن کا عکاس ہے۔
یاد رہے کہ فنانس بل صوبائی حکومت کا ایک اہم مالیاتی دستاویز ہوتا ہے، جو ہر مالی سال کے آغاز پر پیش کیا جاتا ہے۔ رواں سال سندھ حکومت نے متعدد شعبوں میں مراعات اور ریلیف فراہم کرنے کا عندیہ دیا تھا، اور اس بل کی منظوری سے اب ان اقدامات پر عمل درآمد ممکن ہو گیا ہے۔