گورنر فیصل کریم کنڈی مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے نامزد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے اپوزیشن کی درخواست پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لینے کے لیے نامزد کر دیا

پشاور: خیبرپختونخوا کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پشاور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں پر تعطل کا شکار حلف برداری کے معاملے پر بڑا فیصلہ سناتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو منتخب ارکان سے حلف لینے کے لیے نامزد کر دیا ہے۔

latest urdu news

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس ایس ایم عتیق نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر یہ فیصلہ سنایا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے اب تک حلف نہیں لیا گیا، جو آئینی و قانونی عمل کی خلاف ورزی ہے۔

یہ درخواست ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا ابرار سعید کی جانب سے پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے جمع کروائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری مسلسل التوا کا شکار تھی، جس کی وجہ سے سینیٹ انتخابات پر بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی اس معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو خط لکھا اور آئین کے آرٹیکل 255(2) کے تحت حلف لینے کے لیے نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست کی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس، جو مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے طلب کیا گیا تھا، کورم پورا نہ ہونے کے باعث صرف چند منٹوں میں ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کی، تاہم تحریک انصاف کے رکن شیر علی آفریدی کی جانب سے کورم کی نشاندہی کے بعد اجلاس 24 جولائی، دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عدالت کے اس فیصلے کے بعد سینیٹ انتخابات کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے، اور جلد ہی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان حلف اٹھا کر اسمبلی کی کارروائی میں شریک ہو سکیں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter