وزیراعلیٰ پختونخوا کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو چکا ہے، گورنر کے پی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی تحریک میں اب جان نہیں رہی، وزیراعلیٰ کے پی اب اچھے بچے بن گئے ہیں۔

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حالیہ احتجاج پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اب گلی کوچوں تک محدود ہو چکی ہے اور ان کی کسی تحریک میں وہ توانائی اور اثر باقی نہیں رہا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا "سافٹ ویئر اپ ڈیٹ” ہو چکا ہے، اب وہ اچھے بچے بن گئے ہیں اور باقاعدہ ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

latest urdu news

ڈان نیوز کے مطابق، گورنر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا نام لیے بغیر کہا کہ اب وہ رنگ روڈ سے ریلی شروع کریں گے، قلعہ بالا حصار پر سلامی دیں گے، گارڈ آف آنر لیں گے اور پھر واپس گھر چلے جائیں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ ڈیوٹی کرنا چھوڑ دیں گے تو وہ فارغ کر دیے جائیں گے۔ اب ان کے جلسے جلوسوں کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی۔

گورنر کے مطابق، اگر پی ٹی آئی واقعی عوامی طاقت رکھتی تو خیبرپختونخوا میں جلسہ کرتی اور اپنی اسٹریٹ پاور دکھاتی، مگر اب ایسی کوئی صورتِ حال نظر نہیں آتی۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ حزبِ اختلاف میں تھے تب ان کے جلسے بھی روکے گئے، لیکن پھر بھی انہوں نے پُرامن طریقے سے آواز بلند کی اور کبھی انتشار نہیں پھیلایا۔

“عوام سے زیادہ پولیس سڑکوں پر، احتجاج کی کال پر حکومت خوفزدہ”: علیمہ خان

فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعظم عمران خان پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ عمران خان کو سزائیں عدالتوں نے دی ہیں، یہ سزا کوئی انتقامی کارروائی نہیں بلکہ عدالتی عمل کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے دور میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کو واپس ملک میں آنے کی اجازت دی، جس کے خطرناک نتائج سامنے آئے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی اس وقت ملک گیر احتجاجی مہم چلانے کی کوشش کر رہی ہے، مگر سیاسی مبصرین کے مطابق اس کی عوامی طاقت ماضی کے مقابلے میں کمزور پڑ چکی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا کا یہ بیان اسی تناظر میں سامنے آیا ہے، جو پارٹی کی موجودہ حیثیت پر ایک سخت تنقید سمجھا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter