حکومت نے 11 ویں این ایف سی ایوارڈ کے لیے 8 ورکنگ گروپس قائم کر دیے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی حکومت نے 11 ویں نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے سلسلے میں مجموعی طور پر 8 ورکنگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ گروپس این ایف سی سے متعلق مختلف امور کی تفصیلی جانچ اور سفارشات تیار کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں تاکہ مرکز اور صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔

latest urdu news

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی دائرہ اختیار کے اخراجات پر سفارشات دینے کے لیے ایک خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، جس کی سربراہی وزیر خزانہ پنجاب کریں گے۔ اس کے علاوہ مرکز اور صوبوں میں وسائل کی تقسیم کے تناسب پر غور کرنے کے لیے بھی ایک ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے، جس کی قیادت وزیر خزانہ بلوچستان کریں گے۔

قومی قرضوں کی ساخت اور اس کے استعمال کے حوالے سے بھی ایک الگ ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے، جبکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب کو بہتر بنانے کے لیے ایک اور ورکنگ گروپ قائم کیا گیا ہے، جس کی سربراہی وزیر خزانہ خیبرپختونخوا کریں گے۔ صوبوں کو وسائل کی براہِ راست منتقلی کے حوالے سے بھی ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے، جس کی قیادت وزیر خزانہ سندھ کریں گے۔

سابق فاٹا کے انضمام اور این ایف سی شیئر کے معاملات پر بھی ایک ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے، جبکہ قابل تقسیم پول کی ساخت کے لیے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں ایک ورکنگ گروپ کام کرے گا۔ یہ تمام گروپس این ایف سی کے تحت مرکز اور صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم کے مسائل پر سفارشات تیار کریں گے۔

این ایف سی ایوارڈ میں مداخلت اور اختیارات کی تقسیم سے وفاق کو خطرہ لاحق ہوگا، بیرسٹر گوہر

یاد رہے کہ گیارہویں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق پہلا اجلاس 4 دسمبر کو ہوا تھا، جس میں وفاق اور صوبوں نے مختلف ورکنگ گروپس کی تشکیل کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق این ایف سی سے متعلق دوسرا اجلاس آئندہ ماہ جنوری کے وسط تک متوقع ہے، جس میں ان گروپس کی رپورٹ پیش کی جائے گی اور وسائل کی تقسیم سے متعلق حتمی سفارشات طے کی جائیں گی۔

یہ اقدامات وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی معاملات میں شفافیت اور توازن قائم کرنے کے لیے انتہائی اہم سمجھے جا رہے ہیں، تاکہ این ایف سی ایوارڈ کے اصول و ضوابط کے مطابق وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter