اسلام آباد: حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرانے کا اشارہ دے دیا ہے۔ یہ اعلان وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے شاہزیب خانزادہ کے پروگرام میں گفتگو کے دوران کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا رویہ بہتر ہوا ہے اور اگر پی ٹی آئی کی قیادت جیل کے قواعد و ضوابط کی پابندی کرے تو عمران خان سے ملاقات ممکن ہو سکے گی۔ عطا تارڑ نے واضح کیا کہ جیل میں رہنے والے قیدی کے ساتھ سیاسی گفتگو کی اجازت نہیں، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ملاقات فوری طور پر منسوخ کر دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دور میں جیل میں رہتے ہوئے ان کے وکلا نے کبھی سیاسی امور پر بات نہیں کی بلکہ صرف کیسز پر توجہ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں بھی صرف جیل کے ضوابط کی روشنی میں ممکن ہوں گی، اور کسی قسم کی خلاف ورزی پر ملاقات بند کر دی جائے گی۔
عظمیٰ خانم کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی
وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان کو جیل میں مناسب سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ناشتہ عام شہری کے چار دن کے کھانے کے برابر ہے، اور انہیں جیل میں ٹریڈ مل کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ علاوہ ازیں، عمران خان روزانہ ڈیڑھ گھنٹے سائیکلنگ کرتے ہیں تاکہ اپنی صحت برقرار رکھ سکیں۔
عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کی سیاسی صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ تحریک انصاف کی کال پر عوام اب بڑی تعداد میں احتجاج یا ریلیوں میں نہیں نکلتے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کے باوجود لوگ باہر نکلنے سے گریزاں ہیں، اور پارٹی کے ووٹر مایوسی کے باعث زیادہ تر گھروں میں ہیں۔
