پاکستان سے برطانیہ کے لیے فضائی سفر کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے، کیونکہ برطانوی محکمہ برائے ٹرانسپورٹ (DFT) کی جانب سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا تین روزہ سیکیورٹی آڈٹ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی آڈٹ کے نتائج مثبت قرار دیے گئے ہیں، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز کی برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی تین رکنی ٹیم 8 جولائی کو اسلام آباد پہنچی، جس میں برطانوی ہائی کمیشن کا ایک نمائندہ بھی شامل تھا۔ اس دورے کے دوران ٹیم نے ایئرپورٹ سیکیورٹی کا جامع جائزہ لیا، جس میں تمام اہم سیکیورٹی پہلوؤں جیسے مسافروں کی اسکریننگ، داخلی چیک، گاڑیوں کی نگرانی، عملے کی تصدیق، کیٹرنگ اور فلائٹ ہینڈلنگ سروسز کو باریک بینی سے جانچا گیا۔
برطانوی ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود ایوی ایشن سیکیورٹی کے انتظامات کو "اطمینان بخش” قرار دیا، اور انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق پایا۔ ذرائع کے مطابق، برطانوی ٹیم پاکستانی ایوی ایشن سیکیورٹی سے مکمل طور پر مطمئن ہو گئی ہے، اور یہ دورہ قومی ایئرلائنز کی برطانیہ میں پروازوں کی بحالی میں ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگا۔
دورے کے اختتام پر برطانوی انسپکٹرز نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور حفاظتی انتظامات کی تعریف کی، اور اس بات پر زور دیا کہ فضائی مسافروں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ اگر تمام مراحل طے پا گئے تو جلد ہی پاکستانی ایئرلائنز کی برطانیہ کے لیے براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع ہو سکتی ہیں، جو ہزاروں مسافروں کے لیے ایک بڑی سہولت ہو گی۔