راولپنڈی: سعودی عرب میں بلیو کالر جابز کے خواہشمند افراد کے لیے راولپنڈی میں پہلی مرتبہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 20 امیدواروں کی اسسمنٹ مکمل کر لی گئی۔
سٹی ٹریفک پولیس کے تعاون سے منعقدہ اس ٹیسٹ میں موٹر سائیکل، کار اور ٹیکسی ڈرائیورز نے حصہ لیا۔ امیدواروں کو دو مراحل میں جانچا گیا، جن میں کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ اور عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ شامل تھے۔ اسسمنٹ کے بعد کامیاب امیدواروں کو سعودی عرب کی تکامل ہولڈنگ کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے، جن کی بنیاد پر وہ مملکت میں بلیو کالر جابز کے لیے اہل قرار پائیں گے۔
ڈرائیونگ ٹیسٹ کا یہ عمل لائسنس برانچ، نیفڈیک کے نمائندے اور اسسمنٹ افسران کی موجودگی میں مکمل کیا گیا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر سٹی ٹریفک آفیسر (CTO) فرحان اسلم نے کہا کہ یہ اقدام بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند شہریوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف پاکستانی ڈرائیوروں کے لیے قانونی روزگار کے دروازے کھلیں گے بلکہ مملکت میں تربیت یافتہ اور مستند ڈرائیورز کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔
سی ٹی او نے پہلے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے کامیاب اور شفاف انعقاد پر عملے کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے امیدواروں اور دیگر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانونی طریقہ کار اختیار کریں اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ راولپنڈی میں سعودی عرب کے لیے ڈرائیونگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ہے، اور اس اقدام کو مقامی سطح پر مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔