کاروباری ہفتے کے پہلے روز ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔ فی تولہ سونا 3 لاکھ 86 ہزار 300 روپے پر مستحکم رہا جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 31 ہزار 189 روپے پر برقرار رہی۔
دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے سونے کی قیمتیں تاریخی بلند ترین سطح کو چھو رہی ہیں۔ مالیاتی منڈیوں میں خطرات کے باعث سرمایہ کار اپنی رقم کے تحفظ کے لیے سونے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
گزشتہ ایک سال کے دوران سونے کی قیمت میں تقریباً ایک تہائی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گولڈ مین سیچز نے اپنی تازہ رپورٹ میں پیشگوئی کی ہے کہ اگر غیر یقینی حالات برقرار رہے تو سونا چار ہزار ڈالر فی اونس سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔
عالمی تنازعات، معاشی بحران اور بڑھتے ہوئے خطرات کی وجہ سے سرمایہ کار روایتی اثاثوں سے ہٹ کر محفوظ سرمایہ کاری کے لیے سونے کا انتخاب کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، غیر یقینی صورتحال مارکیٹس کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اور ایسے حالات میں سونا سب سے محفوظ پناہ گاہ بنتا ہے۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت ساڑھے تین ہزار ڈالر کے قریب پہنچ چکی ہے۔