سونے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، فی تولہ نرخ نئی بلندی پر پہنچ گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے زیورات خریدنے کے خواہشمند شہریوں کو شدید حیرت میں ڈال دیا ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج ملک میں فی تولہ سونا 4 ہزار روپے مہنگا ہو کر نئی قیمت 3 لاکھ 56 ہزار 900 روپے تک پہنچ گئی ہے، جو ملکی تاریخ کے بلند ترین نرخوں میں شمار کی جا رہی ہے۔

latest urdu news

10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جو 3430 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 5 ہزار 984 روپے ہو گئی ہے۔ سونے کی قیمتوں میں اس تیزی سے اضافے پر جیولرز کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر، عالمی مارکیٹ کے رجحانات اور ملکی معاشی غیر یقینی صورتحال اس اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں فی اونس سونا 30 ڈالر کے اضافے سے 3375 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے خدشات نے سونے کو ایک محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر مزید مستحکم کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ سونے کی قیمت میں یہ مسلسل چوتھا اضافہ ہے جس سے نہ صرف زیورات کی خریداری متاثر ہو رہی ہے بلکہ متوسط طبقہ شادی بیاہ کے مواقع پر مالی دباؤ کا شکار دکھائی دیتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ اور ملکی معاشی صورتحال میں بہتری نہ آئی تو سونے کی قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ موجود ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter