خام تیل کی قیمت میں اضافہ، یورپ و امریکہ کے درمیان ٹیرف معاہدے سے اسٹاک مارکیٹس میں تیزی، 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر رضامندی۔
نیویارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو عالمی سطح پر توانائی مارکیٹ میں جاری اتار چڑھاؤ کا مظہر ہے۔ پیر کے روز لندن انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ کروڈ خام تیل کی قیمت میں 0.40 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 68.84 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
اسی طرح نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں لائٹ کروڈ آئل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 0.34 ڈالر کے اضافے سے 65.50 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ یہ اضافہ بین الاقوامی سطح پر تیل کی طلب میں بہتری اور پیداوار سے متعلق بعض خدشات کے پیشِ نظر سامنے آیا ہے۔
ادھر یورپی یونین اور امریکہ کے مابین ٹیرف معاہدہ طے پانے کے بعد یورپ اور ایشیا کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ معاہدے کے مطابق امریکہ اب یورپی برآمدات پر 15 فیصد کا بنیادی ٹیرف عائد کرے گا۔ اس اقدام کو دونوں فریقین نے تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر کہا: "یہ اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے، جو دونوں خطوں کے لیے یکساں طور پر مفید ثابت ہوگا۔”
نئے ٹیرف میں یورپی ساختہ گاڑیاں، ادویات اور سیمی کنڈکٹرز شامل ہوں گے، جو امریکہ میں درآمد کی جائیں گی۔ معاہدے کے نتیجے میں یورپی یونین نے امریکہ میں 600 ارب ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، جس سے دونوں خطوں میں تجارتی تعلقات کو نئی سمت ملنے کی امید ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں امریکہ اور یورپ کے درمیان تجارتی کشیدگی بڑھتی رہی ہے، خاص طور پر گاڑیوں اور تکنیکی مصنوعات پر محصولات کے حوالے سے۔ اس معاہدے کو اس کشیدگی میں نرمی کی ایک بڑی کوشش تصور کیا جا رہا ہے۔