بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عالمی نیٹ ورک بے نقاب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیرِ مملکت طلال چودھری اور ڈی جی سائبر کرائم وقارالدین سید نے مشترکہ پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ مظفرآباد میں بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث نیٹ ورک پکڑا گیا، مرکزی سرغنہ جرمن شہری ہے، کارروائی انٹرپول کی مدد سے جاری۔

latest urdu news

اسلام آباد، وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے وفاقی دارالحکومت میں ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم ونگ وقارالدین سید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث ایک بڑا بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نیٹ ورک کے مرکزی کردار کا تعلق جرمنی سے ہے، اور اس کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کے ذریعے کارروائی جاری ہے۔

طلال چودھری نے بتایا کہ مظفرآباد میں کارروائی کے دوران ایسے شواہد ملے ہیں جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بچوں کے استحصال پر مبنی ویڈیوز تیار کر کے انہیں ڈارک ویب، واٹس ایپ اور ٹیلی گرام جیسے سوشل پلیٹ فارمز پر عالمی مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔

وزیرِ مملکت نے زور دیا کہ سائبر کرائم ونگ کا مقصد کسی بھی شہری کی آواز دبانا نہیں بلکہ جدید دور کے خطرات سے نمٹنا ہے۔ ان کے مطابق ہر ضلع میں سائبر کرائم دفاتر قائم کیے جائیں گے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم ونگ وقارالدین سید نے بتایا کہ یہ نیٹ ورک منظم اور بین الاقوامی سطح پر کام کر رہا تھا، اور اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپول کے ساتھ مکمل تعاون جاری ہے اور اس گھناؤنے دھندے میں ملوث عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

وقارالدین نے مزید کہا کہ بچوں کے جنسی استحصال پر سزاؤں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، اور ایسے تمام جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چند برسوں کے دوران بچوں کے خلاف جنسی جرائم کے کئی افسوسناک واقعات سامنے آ چکے ہیں، خاص طور پر قصور اسکینڈل کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر شدید تنقید ہوئی تھی۔ اس پس منظر میں حکومت نے سائبر کرائم کے قوانین کو مضبوط کیا اور سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کی روک تھام کے لیے پیکا ایکٹ نافذ کیا، جس کا مقصد صرف صحافت کو نہیں بلکہ معاشرتی بدعنوانیوں کو قابو میں لانا بھی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter