گلگت بلتستان آج اپنا 78واں یوم آزادی منا رہا ہے۔ تاریخی طور پر، گلگت کے عوام نے یکم نومبر 1947 کو ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کی تھی۔ اس موقع پر یادگار شہداء پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں صدر مملکت آصف زرداری مہمان خصوصی ہوں گے۔
72 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط گلگت بلتستان نے آزادی حاصل کی تھی جب مہاراجہ کشمیر نے 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج کو کشمیر میں اتارا۔ 31 اکتوبر کی رات گلگت اسکاؤٹس نے صوبیدار میجر راجہ بابرخان کی قیادت میں گلگت میں مہاراجہ کشمیر کے تعینات گورنر بریگیڈیئر گھنسارا سنگھ کو حراست میں لے کر یکم نومبر کو گلگت کو مہاراجہ کشمیر اور بھارتی تسلط سے آزاد کرایا۔
گلگت اسکاؤٹس اور مقامی لوگوں کی جدوجہد کے بعد گلگت بلتستان وفاق پاکستان کے انتظامی کنٹرول میں آیا اور آج بھی پاکستان کے زیر انتظام ایک اہم انتظامی یونٹ کے طور پر کام کر رہا ہے۔
