اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سابق نگران وفاقی وزیر برائے تجارت گوہر اعجاز نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کی کاروباری برادری کو ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس کا سہرا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔
ان کے بقول، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نہ صرف کاروباری شخصیات کی ساکھ کا تحفظ کیا بلکہ انہیں ایف بی آر کے کالے قوانین سے بھی بچا لیا ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ فنانس ایکٹ کے سیکشن 37 اے میں اہم ترمیم کی گئی ہے، جس کے مطابق اب کسی بھی تاجر کو کاروباری برادری کی مشاورت کے بغیر گرفتار نہیں کیا جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے 18 چیمبرز آف کامرس نے براہ راست فیلڈ مارشل سے ملاقات میں اس مسئلے کو اجاگر کیا تھا، جس کے بعد ایف بی آر نے تاجروں کے تحفظات دور کرتے ہوئے قانونی ترامیم کی منظوری دی۔
سابق وزیر کے مطابق، نئی ترمیم کے تحت ایف پی سی سی آئی، تمام چیمبرز آف کامرس اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کو ایف بی آر کی تحقیقاتی کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے بعد کسی بھی کاروباری شخصیت کے خلاف انکوائری یا تحقیقات کا آغاز کمیٹی کی باضابطہ منظوری کے بغیر ممکن نہیں ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد کاروباری افراد کے اعتماد کی بحالی اور معاشی ماحول کو بہتر بنانا ہے۔
حالیہ برسوں میں ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس وصولی کے نام پر چھاپوں اور گرفتاریوں کے باعث کاروباری طبقے میں شدید بے چینی پائی جاتی تھی۔ کاروباری برادری طویل عرصے سے مطالبہ کر رہی تھی کہ بغیر ثبوت اور عدالتی کارروائی کے محض شک کی بنیاد پر گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے، جس کا اب باضابطہ نوٹس لیا گیا ہے۔