لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پھل فروش نے معمولی تلخ کلامی پر دو بھائیوں پر تشدد کیا، ایک جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی۔ پولیس نے ملزم کو سی سی ٹی وی اور انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کر لیا۔
لاہور کے علاقے رائیونڈ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں معمولی جھگڑے پر پھل فروش نے شہریوں پر وحشیانہ تشدد کیا۔ واقعے میں شہری واجد جاں بحق جبکہ اس کا بھائی راشد شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے پھل بیچنے کے دوران ریٹ کے معاملے پر دونوں بھائیوں سے تلخ کلامی کی جس کے بعد ساتھیوں کے ہمراہ انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تاہم انچارج انویسٹی گیشن رائیونڈ سٹی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے لیے **ہیومن انٹیلی جنس اور سی سی ٹی وی فوٹیج** کی مدد لی گئی۔
ایس پی انویسٹی گیشن صدر معظم علی نے بتایا کہ ملزم کو سخت قانونی کارروائی کے بعد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔