ڈوکری کے قریب تالاب میں ڈوبنے سے 5 سے 8 سال کی عمر کی چار بچیاں جاں بحق، لاشیں کھیت کے تالاب سے برآمد۔
لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری کے نواحی گاؤں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ہی خاندان کی چار کمسن بچیاں تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں۔ بچیاں گزشتہ روز اپنے والدین سے ملنے کے لیے کھیتوں کی طرف گئی تھیں، مگر طویل وقت گزرنے کے باوجود واپس نہ آئیں، جس پر اہلِ خانہ نے ان کی تلاش شروع کی۔
تلاش کے دوران کھیت کے قریب واقع ایک تالاب سے بچیوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت 5 سالہ بشریٰ، 6 سالہ فاطمہ، 7 سالہ حمیرا، اور 8 سالہ آمنہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد گاؤں میں کہرام مچ گیا اور فضا مکمل طور پر سوگوار ہو گئی۔
علاقہ مکینوں نے امدادی کارروائیاں اپنی مدد آپ کے تحت انجام دیں اور لاشوں کو تالاب سے نکال کر اہلِ خانہ تک پہنچایا۔ افسوسناک واقعے نے نہ صرف گاؤں بلکہ پورے علاقے کو غمزدہ کر دیا ہے، اور اہلِ علاقہ بڑی تعداد میں غم میں ڈوبے خاندان سے اظہارِ تعزیت کے لیے جمع ہو گئے ہیں۔
بیوی کو بچانے کی کوشش، شوہر نہر میں ڈوب کر جاں بحق
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سندھ کے دیہی علاقوں میں بچوں کے تالابوں میں گر کر جاں بحق ہونے کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں، جن سے بچاؤ کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔