خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نہاتے ہوئے جوہڑ میں ڈوب کر 4 بچے جاں بحق، لاشیں 2 گھنٹے بعد نکالی گئیں۔
پشاور، خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں جوہڑ میں نہاتے ہوئے 4 کمسن بچے ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔
واقعہ لکی مروت کے علاقے دولت خیل میں پیش آیا، جہاں یہ بچے شدید گرمی کے باعث جوہڑ میں نہانے کے لیے گئے تھے، لیکن گہرے پانی میں جانے کے باعث وہ واپس نہ آ سکے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی غوطہ خوروں کو طلب کیا گیا اور مقامی افراد نے بھی امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ مسلسل دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد چاروں بچوں کی لاشیں پانی سے نکال لی گئیں۔ لکی مروت پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 8 سے 12 سال کے درمیان تھیں، جو ایک دوسرے کے دوست اور پڑوسی تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور بچوں کے اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہو گئے۔
اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان اور خاتون جاں بحق
ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسمِ گرما کے دوران بچوں کو غیر محفوظ مقامات پر نہانے سے روکا جائے اور جوہڑ یا تالاب جیسے مقامات پر حفاظتی اقدامات کے بغیر جانے نہ دیا جائے۔
یاد رہے کہ گرمیوں کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں دریا، جوہڑ اور نہروں میں نہانے کے دوران اس طرح کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ حفاظتی تدابیر نہ ہونے اور مناسب نگرانی کے فقدان کے باعث ہر سال متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔