ایئرپورٹ پر لتھوانیا جانے کی کوشش ناکام، جعلی ریزیڈنٹ کارڈ رکھنے والے 4 بھائی پکڑے گئے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی اقامتی کارڈ پر لتھوانیا جانے کی کوشش کرنے والے چار بھائی کو آف لوڈ کر دیا گیا، مسافر سوشل میڈیا کے ذریعے ایجنٹ کے جال میں پھنسے۔

latest urdu news

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی ریزیڈنٹ کارڈز پر لتھوانیا جانے کی کوشش کرنے والے چار مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ حکام کے مطابق مسافروں میں ذیشان منیر، بدر منیر، حسن جمیل اور محمد علی شامل ہیں، جو آپس میں بھائی ہیں اور ان کا تعلق ضلع جہلم سے ہے۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران ان مسافروں کی دستاویزات کو مشکوک پایا گیا، جس پر مزید جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ ان کے پیش کردہ اقامتی کارڈ جعلی ہیں۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نے سوشل میڈیا پر دیے گئے ایک اشتہار کے ذریعے ایک ایجنٹ سے رابطہ کیا تھا، جس نے انہیں لتھوانیا بھیجنے کا جھانسہ دے کر جعلی کاغذات فراہم کیے۔

حکام نے مسافروں کو فوری طور پر آف لوڈ کرکے تفتیش شروع کر دی ہے اور ایجنٹ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے۔ ایف آئی اے نے بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے غیر قانونی ذرائع یا مشکوک ایجنٹس کے ذریعے ویزا یا اقامتی دستاویزات حاصل نہ کریں کیونکہ یہ طریقہ نہ صرف ان کی جان کو خطرے میں ڈال سکتا ہے بلکہ قانونی کارروائی کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانی نوجوان سوشل میڈیا پر دھوکہ دہی کے اشتہارات سے ہوشیار رہیں، کیونکہ یہ ایجنٹس ان کی معصومیت کا فائدہ اٹھا کر پیسے بٹورتے ہیں اور جعلی دستاویزات فراہم کرتے ہیں، جو ملک کی ساکھ اور مسافروں کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند برسوں سے بیرون ملک جانے کی خواہش رکھنے والے پاکستانی نوجوان سادہ لوحی میں غیر قانونی راستوں کا انتخاب کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف وہ گرفتار ہوتے ہیں بلکہ بعض اوقات جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ایف آئی اے پہلے بھی متعدد بار ایسے گروہوں کے خلاف کارروائیاں کر چکی ہے اور عوام کو آگاہ کرتی رہی ہے کہ صرف قانونی ذرائع سے ہی سفر اختیار کریں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter