بھمبر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کو پولیس نے سماہنی میں اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ ایک عوامی ریلی سے خطاب کے لیے پہنچے۔
پولیس حکام کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی کو ریلی میں شرکت سے پہلے ہی حراست میں لیا گیا۔
ان کا بتایا ہے کہ انہیں 16 ایم پی او (مینٹیننس آف پبلک آرڈر) کے تحت گرفتار کیا گیا، اور یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر کے حکم پر عمل میں لائی گئی۔ ڈی آئی جی لیاقت چوہدری نے تصدیق کی کہ گرفتاری ضابطے کے مطابق کی گئی ہے۔
سردار عبدالقیوم نیازی دو روزہ دورے پر بھمبر پہنچے تھے جہاں پی ٹی آئی کی ریلی میں ان کی شرکت متوقع تھی۔ ان کی اچانک گرفتاری نے پارٹی کارکنان اور حامیوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ مختلف حلقے اس اقدام کو سیاسی دباؤ کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں۔ سردار عبدالقیوم نیازی 4 اگست 2021 سے 14 اپریل 2022تک آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور وہ پی ٹی آئی کے مضبوط اور متحرک رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے پی ٹی آئی کی جانب سے آزاد کشمیر میں پہلی حکومت بنائی تھی، تاہم ان کی وزارتِ عظمیٰ صرف آٹھ ماہ جاری رہی۔ حالیہ مہینوں میں وہ پارٹی کے فعال صدر کے طور پر آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کو منظم کرنے میں مصروف تھے۔