سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس پیپلز پارٹی میں شامل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سردار تنویر الیاس، علی شان سونی اور احمد صغیر نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی، فریال تالپور نے خیرمقدم کیا، کشمیر کاز پر پیپلز پارٹی کے مؤقف کو سراہا گیا۔

کراچی: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ پیر کے روز زرداری ہاؤس میں صدر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین فریال تالپور سے ان کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ضیا لنجار اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔

latest urdu news

ترجمان زرداری ہاؤس کے مطابق سردار تنویر الیاس کے ساتھ علی شان سونی اور احمد صغیر نے بھی پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال، کشمیر پالیسی اور پارٹی منشور پر گفتگو کی گئی۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے پیپلز پارٹی کی تاریخی جدوجہد اور کاوشیں ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے بعد اب بلاول بھٹو زرداری اس مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کو اپنی سیاسی منزل کے طور پر چُنا۔

اس موقع پر فریال تالپور نے پارٹی میں شامل ہونے والے تمام افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جب بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنیں گے تو آزاد کشمیر میں بے مثال ترقی کی بنیاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا نظریہ صرف اقتدار نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور عوامی خدمت ہے۔

یاد رہے کہ سردار تنویر الیاس ماضی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے اہم رہنما اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کو خطے کی سیاست میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں اپنی سیاسی طاقت دوبارہ مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter