پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے رتہ امرال میں کارروائی کرتے ہوئے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے 4 ہزار لیٹر پانی ملا دودھ تلف کر دیا۔ دکان میں ویجیٹیبل آئل اور خشک دودھ پاوڈر کی ملاوٹ پائی گئی، جس پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، موٹروے ٹول پلازہ پر ناکے لگا کر دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، جہاں ناقص دودھ سپلائی کرنے پر ایک لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ پنجاب بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے اس سے قبل مندرہ، روات اور چکوال روڈ پر علی الصبح کارروائی کرتے ہوئے 20 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 89 ہزار لیٹر دودھ کی جانچ کی، جن میں سے 4 ہزار 200 لیٹر دودھ کو ملاوٹ شدہ ثابت ہونے پر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی کی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی، جعلی دودھ سپلائی کرنے والا گروہ پکڑا گیا
ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 25 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔
دوسری جانب، پنجاب فوڈ اتھارٹی مری نے ایکسپریس وے پر کارروائی کرتے ہوئے 10 ہزار 700 لیٹر دودھ کی چیکنگ کی۔ ملاوٹ ثابت ہونے پر 1,200 لیٹر دودھ تلف کیا گیا، جبکہ دو گاڑیوں پر 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق عوام کو خالص خوراک کی فراہمی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر نگرانی اور کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔