اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پارٹی اختلافات کو ختم کر کے تمام توانائیاں عمران خان کی رہائی کی تحریک پر مرکوز کی جائیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ 5 اگست تک تحریک کو عروج پر لے جایا جائے۔
تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان نے جیل سے پیغام بھیجا ہے کہ پارٹی کو متحد رکھا جائے اور قیادت تمام اختلافات کو پس پشت ڈال دے۔ ان کے مطابق عمران خان نے رہنماؤں کو ہدایت دی ہے کہ پانچ اگست تک تحریک کو بھرپور طریقے سے منظم اور فعال بنایا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اجلاس میں شریک ارکان نے جیل میں عمران خان کے ساتھ روا رکھے گئے ناروا سلوک کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ پارٹی قیادت اور وکلاء کو ان تک فوری رسائی دی جائے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، اور یہ ظلم مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ناحق بوجھ کے خلاف پارٹی عوام کے ساتھ آواز بلند کرے گی۔
5 اگست کو تحریک عروج پر ہوگی، بیرسٹر گوہر علی
اسی دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو ریاست مخالف سوشل میڈیا سرگرمیوں کے الزام میں نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس پر پارٹی قیادت نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان کئی ماہ سے قید میں ہیں اور تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کو تاحال ان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔ پارٹی کے اندرونی اختلافات، قیادت تک عدم رسائی اور جبر کے ماحول نے تحریک کو سخت دباؤ میں ڈال رکھا تھا، تاہم اب قیادت ایک بار پھر عمران خان کی رہنمائی میں تحریک کو ازسرِنو منظم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔