سیلاب متاثرین میں معاوضوں کی تقسیم کا عمل جاری ہے، بیرسٹر سیف کا بیان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے معاوضوں کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے اور صوبائی حکومت متاثرہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر شہداء اور زخمیوں کے لواحقین سمیت متاثرہ گھروں کے مالکان میں معاوضے کی تقسیم کی جارہی ہے تاکہ کوئی بھی متاثرہ شخص محروم نہ رہے۔

latest urdu news

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے بتایا کہ اب تک 332 شہداء کے لواحقین میں 664 ملین روپے کے چیکس تقسیم کیے جاچکے ہیں، صرف ضلع بونیر کے 171 شہداء کے ورثاء کو 342 ملین روپے کے چیکس فراہم کیے گئے ہیں جبکہ زخمیوں میں بھی 19.5 ملین روپے کے چیکس تقسیم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کے نقصانات کی تلافی کا عمل بھی جاری ہے، مکمل طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو 58 ملین روپے کے چیکس دیے گئے ہیں جبکہ جزوی طور پر متاثرہ 39 گھروں کے مالکان کو 14.5 ملین روپے مل چکے ہیں۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے متاثرہ افراد کو فوڈ اسٹامپ کی صورت میں 15 ہزار روپے بھی فراہم کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں حکومت متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ معاوضے کی بروقت اور شفاف ادائیگی سب تک پہنچے۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا تھا جس کے بعد حکومت نے متاثرین کے لیے معاوضوں اور ریلیف پیکجز کا اعلان کیا تھا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter