پنجاب میں جاری شدید سیلاب اور ملک کے مختلف حصوں میں موسمی خرابی نے ہوائی سفر کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ فلائٹ آپریشن میں بے ترتیب تاخیر اور پروازوں کی منسوخی نے مسافروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 23 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 48 ملکی و غیرملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ خاص طور پر متاثر ہوا جہاں غیر ملکی ایئرلائنز کی 14 پروازیں منسوخ کی گئیں، اور دیگر تمام پروازیں لاہور ایئرپورٹ سے آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ دبئی سے آنے والی ایک پرواز کو بھی سیالکوٹ کی بجائے لاہور اتارا گیا۔
اسی طرح موسمی خرابی کے باعث ابوظبی سے پشاور جانے والی پرواز پی کے 218 کو ملتان میں اتارا گیا، جبکہ اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی اے 201 مکمل طور پر منسوخ کر دی گئی ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے گلگت کی چار پروازیں (PK 601, 602, 603, 604) اور کراچی سے اسکردو کی دو نجی پروازیں (PA 704, 705) بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح لاہور سے اسکردو کی دو پروازیں (PA 480, 481) بھی آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخ کی گئی ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کی 18 پروازوں میں 1 سے 6 گھنٹے کی تاخیر رپورٹ کی گئی ہے، جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر 15 پروازیں 1 سے 7 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر بھی صورتحال مختلف نہیں، یہاں 10 پروازوں میں 1 سے ساڑھے 5 گھنٹے تک تاخیر ہو رہی ہے۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فلائیٹ آپریشنز بند، رن وے زیرِ آب
خصوصی طور پر کراچی اسلام آباد اور کراچی لاہور کے درمیان سفر کرنے والے مسافر سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں بالترتیب 6 اور 5 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور متاثرہ مسافروں کو متبادل سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم موجودہ حالات میں مکمل معمول پر آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔