شارجہ سے جعلی برطانوی ویزے پر 5 پاکستانی شہری ڈی پورٹ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 شارجہ حکام نے جعلی برطانوی ویزوں کے حامل 5 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کردیا، جس کے بعد انہیں لاہور ایئرپورٹ پہنچتے ہی ایف آئی اے امیگریشن نے حراست میں لے لیا۔

latest urdu news

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں وقار انجم، طیب افتخار، علی شان، ملک ظہیر اور ملک ذیشان شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ مسافر رواں سال وزٹ ویزے پر لاہور سے ملائیشیا روانہ ہوئے تھے۔ ملائیشیا میں قیام کے بعد انہوں نے مبینہ ایجنٹوں کی مدد سے جعلی برطانوی ویزے تیار کروائے اور شارجہ سے برطانیہ سفر کرنے کی کوشش کی۔ اماراتی حکام نے دستاویزات کی جانچ کے دوران ویزوں کو جعلی قرار دیتے ہوئے تمام افراد کو ڈی پورٹ کردیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے پاس موجود ویزے اور دیگر سفری دستاویزات انتہائی غیر معیاری اور جعلسازی کے واضح شواہد رکھتے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ گروہ برطانیہ جانے کے لیے ایجنٹوں کو بھاری رقوم ادا کر چکا تھا، جبکہ مزید تفتیش میں وہ تمام ایجنٹ اور سہولت کار بھی شامل کیے جائیں گے جنہوں نے جعلی ویزے فراہم کیے۔

فیصل آباد ایئرپورٹ: دبئی جانے والی نجی پرواز کے 13 مسافر آف لوڈ

ادھر اس واقعے سے قبل ایف آئی اے امیگریشن نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 3 خواتین سمیت 13 مسافروں کو آف لوڈ کردیا تھا۔ ترجمان کے مطابق یہ تمام افراد عمرہ کے بہانے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ امیگریشن انٹرویو کے دوران شبہ ہونے پر ان کے موبائل فونز کی جانچ کی گئی، جس میں مصر، لیبیا اور دیگر بین الاقوامی نمبرز سے مشکوک رابطے اور چیٹس پائی گئیں۔

تحقیقاتی ٹیم کے مطابق مسافروں کے ایک ایجنٹ ساجد کے ساتھ کال ریکارڈز بھی برآمد ہوئے، جبکہ شواہد سے پتہ چلا کہ گروہ لیبیا پہنچ کر وہاں سے کشتی کے ذریعے یورپ جانے کا ارادہ رکھتا تھا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایجنٹ مافیا انسانی اسمگلنگ کے لیے نئے طریقے اختیار کر رہا ہے، تاہم ادارہ مکمل عزم کے ساتھ ان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایف آئی اے نے تمام شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ بیرون ملک سفر کے لیے کسی بھی غیر قانونی یا مشکوک ذریعہ اختیار نہ کریں، ورنہ سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter