بجٹ میں نچلے طبقے کو ممکنہ حد تک ریلیف دیا، اخراجات کم کرنے کی کوشش کی، وزیر خزانہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی بجٹ 2025-26 میں حکومت نے نچلے اور متوسط تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی ہے، جبکہ اخراجات میں کمی کو ترجیح دی گئی ہے۔ ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں جو بھی اعداد و شمار دیے ہیں، ان کی مکمل ذمہ داری لی جا رہی ہے۔

latest urdu news

محمد اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ میں شامل ہر اقدام کا مقصد مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے 8 یا 9 کالمز پر مشتمل آسان ٹیکس فارم متعارف کرایا جا رہا ہے، تاکہ عام شہری بغیر کسی مدد کے خود بھی یہ فارم پر (پُر) کر سکیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ اگر کچھ اشاریے عوامی توقعات کے مطابق بہتری کی جانب نہیں بڑھ رہے، تو ان پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔ عوام کی یہ شکایت درست ہے کہ وہ ٹیکس دینا منظور کرتے ہیں، مگر وہ نہیں چاہتے کہ ایف بی آر کے ساتھ واسطہ پڑے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے کے لیے "کاربن لیوی” متعارف کرا رہی ہے، تاکہ ماحول دوست پالیسیوں کی جانب پیش قدمی ہو۔

انہوں نے بتایا کہ قومی مالیاتی کمیشن (NFC) کا اجلاس اگست یا اس سے پہلے بلایا جا سکتا ہے، جس میں وفاق اور صوبوں کے درمیان مالیاتی وسائل کی تقسیم پر غور ہوگا۔

یاد رہے کہ وفاقی بجٹ 2025-26 کے حوالے سے حکومت کو اپوزیشن اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے، خاص طور پر مہنگائی، بجلی و پٹرول پر اضافی ٹیکس اور سولر پینلز پر عائد کردہ محصولات کے حوالے سے۔ ایسے میں وزیر خزانہ کا مؤقف حکومتی بیانیے کو واضح کرنے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter