کھاریاں: نویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلے کا 9 فروری 2026 کو کامیابی کے ساتھ اختتام ہو گیا۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ یہ مقابلہ 60 گھنٹے تک جاری رہنے والی گشتی مشق ہے جس کا مقصد حصہ لینے والی ٹیموں کے درمیان اختراعی خیالات، حکمت عملی کے تجربات اور بہترین فوجی طریقوں کے تبادلے کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔
گزشتہ برسوں میں PATS مقابلے عالمی سطح پر ایک باوقار اور انتہائی مسابقتی فوجی مشق کے طور پر جانا جاتا ہے، جو مختلف ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی سیکھنے کو بڑھانے کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔ اس سال کے مقابلے میں بحرین، بنگلا دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکا اور ازبکستان سمیت 19 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام شریک ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی اور ذہنی برداشت، آپریشنل صلاحیت اور مشق کے دوران دکھائے گئے حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان آرمی کے جوانوں کی کارکردگی قابلِ فخر ہے اور کثیر الملکی مشقیں جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے ناگزیر ہیں۔
دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی: فیلڈ مارشل عاصم منیر
آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں اعزازی انعامات بھی تقسیم کیے اور کہا کہ اس طرح کی بین الاقوامی مشقیں فوجی مہارت اور قومی دفاع کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
یہ مقابلہ نہ صرف فوجی حکمت عملی کی ترقی بلکہ مختلف ممالک کی افواج کے درمیان تعاون اور تجربات کے تبادلے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
