راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید الاضحیٰ منائی اور عید کی نماز ادا کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے وطن کے محافظوں کے ہمراہ نماز عید ادا کی اور ملک و قوم کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کو دہراتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا:
"قوم کے بچوں، خواتین اور بزرگوں کے ناحق خون کا دلیری سے بدلہ لیا گیا۔ پاک فوج نے ہر محاذ پر پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا ہے۔”
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے "آپریشن بنیان مرصوص” اور معرکہ حق میں افواج پاکستان کی مثالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ:
"بھارتی افواج کی سیزفائر خلاف ورزیوں کا ہمیشہ مؤثر جواب دیا گیا، اور جوانوں نے اپنے جذبے سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ:
"مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل صرف کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ کشمیریوں کی بہادرانہ جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔”