وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید تین بدنام زمانہ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار افراد میں محمد عرفان، محمد بلال اور محمد شہباز شامل ہیں، جنہیں گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم محمد شہباز انسانی اسمگلنگ کے متعدد مقدمات میں اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر دو ملزمان بھی فراڈ، جعلسازی اور بیرونِ ملک ملازمت کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے شہریوں سے رقم بٹورنے کے سنگین الزامات میں ملوث ہیں۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ محمد شہباز نے یونان میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر ایک شہری سے 12 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیائی۔ اسی طرح محمد عرفان نے کینیڈا بھجوانے کے وعدے پر 11 لاکھ روپے وصول کیے، جبکہ محمد بلال نے دبئی میں ملازمت کے نام پر ایک شہری سے 4 لاکھ روپے بٹورے۔
تینوں ملزمان بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکامی کے بعد رقم لے کر روپوش ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر مفرور انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے نام پر دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے صرف منظور شدہ ایجنٹس اور قانونی ذرائع سے رجوع کریں، اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع قریبی ایف آئی اے دفتر کو دیں۔