انسانی اسمگلنگ کے مقدمات میں ایف آئی اے نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے مفرور انسانی اسمگلروں کے خلاف انٹرپول کے ذریعے 30 ریڈ وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔
حکام کے مطابق ریڈ وارنٹ ایف آئی اے کی درخواست پر جاری کیے گئے ہیں، اور یہ 30 ملزمان دبئی، لیبیا، مصر اور قطر میں اپنے انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ یہ اقدامات بین الاقوامی سطح پر اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی کے لیے بین الاقوامی سطح پر تعاون کیا گیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ریڈ بک میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو توڑنے اور اس پر نظر رکھنے کے لیے ایف آئی اے نے تین ممالک میں لنک دفاتر قائم کیے ہیں، جن میں مسقط، تہران اور ایتھنز شامل ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی 3 افراد گرفتار
حکام نے کہا کہ ایف آئی اے کی یہ کوششیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہیں کہ مفرور اسمگلرز جلد از جلد گرفتار ہوں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس اقدام سے نہ صرف انسانی اسمگلنگ کے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ متاثرہ افراد کے تحفظ اور انصاف کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے بعد ایف آئی اے بین الاقوامی سطح پر ملزمان کی گرفتاری اور ان کے حوالے سے قانونی کارروائی کے لیے دیگر ممالک کے اداروں سے تعاون کرے گی۔
