وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 12 مسافروں کو آف لوڈ کرکے گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے امیگریشن سیل کے مطابق، گرفتار کیے گئے افراد یوگنڈا سے لیبیا اور وہاں سے یورپ جانے کا غیر قانونی راستہ اختیار کرنا چاہتے تھے۔ ایجنسی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو آف لوڈ کیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سیالکوٹ: دم گھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افراد کے پاس یوگنڈا کے ویزے موجود تھے اور وہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں سے مسلسل رابطے میں تھے۔ تمام ملزمان کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں بشمول گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور پاکپتن سے ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایجنٹوں کی نشاندہی کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر قانونی راستوں کے خطرات سے آگاہ رہنے اور محفوظ، قانونی طریقوں سے سفر اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔