وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں جاری بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے اجتماعی طور پر ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر خیبرپختونخوا کے متاثرہ اضلاع کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
اجلاس میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور تیز تر بنائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ "یہ سیاست کا وقت نہیں، بلکہ خدمت کا وقت ہے۔ ہمیں مصیبت میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کی مدد کو اولین ترجیح دینی ہے۔ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھیں۔”
سیلاب متاثرین کو گھر اور بستیاں بنا کر دیں گے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ وزرا خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کریں اور امدادی کاموں کی براہ راست نگرانی کریں۔
ادھر خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے راشن کی تقسیم اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے بھی متحرک ہیں۔