کیا مہنگا اور کیا سستا ہوگا؟ وفاقی بجٹ 2025-26 میں اہم تبدیلیاں متوقع

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، وفاقی بجٹ 2025-26 آج پیش کیا جا رہا ہے، جس میں متعدد اشیاء کی قیمتوں میں ردوبدل متوقع ہے۔ حکومت کی جانب سے ٹیکس نیٹ میں وسعت اور ریونیو بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، جن کے نتیجے میں کئی مصنوعات مہنگی، جبکہ چند سستی ہو سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق 850 سی سی تک کی مقامی گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے چھوٹی گاڑیاں خریدنے والوں پر مالی بوجھ بڑھے گا۔ اس کے علاوہ بیکری کی مصنوعات، زرعی کھاد اور کیڑے مار ادویات پر بھی ٹیکس عائد کیے جانے کا امکان ہے، جس سے ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔

latest urdu news

دوسری جانب حکومت سگریٹ اور مشروبات پر عائد ٹیکسز میں کمی پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر سال سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے کی روایت کو روکنے اور قیمتوں میں کمی کی تجاویز بجٹ کا حصہ بن سکتی ہیں، جس سے یہ اشیاء نسبتاً سستی ہو سکتی ہیں۔

پراپرٹی سیکٹر سے متعلق بھی بڑی تبدیلیوں کی امید ہے۔ بجٹ میں پراپرٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز شامل کی گئی ہے، تاہم کیپٹل گین ٹیکس کی شرح میں اضافہ کرنے پر بھی غور جاری ہے، جس سے جائیداد کی خرید و فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن پر ٹیکس بوجھ بڑھ سکتا ہے۔

حکومت نے ٹیکس نظام کو عصری بنانے کے لیے سوشل میڈیا، یوٹیوب، اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے کمانے والے افراد کو بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیرون ملک سے فری لانسنگ اور آن لائن آمدن پر اضافی ٹیکس عائد کیے جانے کی تجاویز بھی بجٹ میں شامل ہیں۔

مزید برآں، سابقہ فاٹا ریجن کو حاصل ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز بھی بجٹ کا حصہ بن سکتی ہے، جس سے اس خطے کے کاروباری طبقے پر براہ راست اثر پڑنے کا امکان ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter