فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ نئی ہدایات کے مطابق مالی سال 2024-25 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے، جس میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس بار گوشوارے جمع کروانے کے عمل میں نرمی یا اضافی وقت کی گنجائش نہیں دی جائے گی، لہٰذا تمام قابلِ ٹیکس آمدن رکھنے والے افراد، تنخواہ دار طبقہ، کاروباری حضرات اور دیگر متعلقہ افراد سے گزارش ہے کہ وہ اپنی ریٹرنز مقررہ تاریخ سے پہلے جمع کروا دیں۔
ایف بی آر کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ مقررہ وقت کے بعد ریٹرن فائل نہ کرنے والوں پر جرمانے اور قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ایف بی آر نے مزید کہا ہے کہ آن لائن فائلنگ سسٹم کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کی جا سکے، اور تمام افراد پورٹل یا ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے اپنی ریٹرن جمع کرا سکتے ہیں۔
ٹیکس ماہرین نے بھی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ آخری دن کا انتظار نہ کریں کیونکہ سسٹم پر رش بڑھنے سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ جلد از جلد ریٹرن فائل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیا جائے۔