اسلام آباد کی سماجی شخصیت فرخ کھوکھر 18 جولائی کو مولانا فضل الرحمٰن کی موجودگی میں جے یو آئی (ف) میں شامل ہوں گے، اسلام آباد سے سیاسی کیریئر کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
اسلام آباد و راولپنڈی کی معروف سماجی شخصیت فرخ کھوکھر نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان 18 جولائی کو مولانا فضل الرحمٰن کی موجودگی میں ڈیرہ تاجی کھوکھر پر کیا جائے گا۔ یہ اعلان ایک خصوصی پریس کانفرنس کے دوران کیا جائے گا، جس میں جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما اور امیر اسلام آباد پیر مفتی اویس عزیز بھی شریک ہوں گے۔
فرخ کھوکھر، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نواز کھوکھر کے بھتیجے اور سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے چچازاد بھائی ہیں۔ وہ مرحوم تاجی خان کھوکھر کے صاحبزادے ہیں، جنہیں پوٹھوہار کے سیاسی و سماجی حلقوں میں غیر معمولی اثر و رسوخ حاصل رہا۔
فرخ کھوکھر کی جانب سے جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ وہ ختمِ نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے مولانا فضل الرحمٰن اور جمعیت علمائے اسلام کے مؤقف سے متاثر ہو کر پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) نے اس حساس مسئلے پر جرات مندانہ موقف اختیار کیا، جو ان کے دل کے قریب ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق، فرخ کھوکھر اسلام آباد سے باقاعدہ طور پر اپنا سیاسی کیریئر شروع کریں گے اور ممکنہ طور پر آئندہ عام انتخابات میں بھی سرگرم کردار ادا کریں گے۔
یاد رہے کہ فرخ کھوکھر کی جے یو آئی میں شمولیت پوٹھوہار ریجن میں پارٹی کی سیاسی حیثیت کو مزید مستحکم کرنے کا سبب بن سکتی ہے، جہاں تاجی خان کھوکھر خاندان کا اثر و رسوخ کئی دہائیوں سے قائم ہے۔