کراچی: فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر کوئی مرد اپنی پہلی بیوی کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہا ہے تو اسے دوسری شادی کا مشورہ نہیں دیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سے زائد شادی کرنا ہر شخص کے بس کی بات نہیں اور یہ مکمل طور پر ذاتی فیصلہ ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما نے حالیہ رمضان ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی اور دو شادیوں سے متعلق سوالات کے جواب دیے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ دو بیویاں رکھنا حوصلے اور برداشت کا کام ہے، اور ہر شخص اس ذمہ داری کو نبھا نہیں سکتا۔
متعدد شادیوں کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ عمومی طور پر کسی کو دوسری شادی کا مشورہ نہیں دیتے۔ اگر کوئی شخص اپنی ازدواجی زندگی میں مطمئن ہے تو اسے دوسرا قدم اٹھانے کی ضرورت نہیں۔ البتہ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی دوسری شادی ان کا ذاتی فیصلہ تھا اور انہوں نے نہ تو اس کی تشہیر کی اور نہ ہی کسی کو اس کی ترغیب دی۔
سندھی کلچر ڈے کے نام پر کراچی میں قانون کی دھجیاں اُڑائی گئیں: فاروق ستار
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی شخص وقتی جذبات یا محبت میں مبتلا ہو جائے تو اسے چاہیے کہ اپنی توجہ کسی بڑے مقصد کی جانب مبذول کرے تاکہ زندگی میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔ ان کے مطابق شادی ایک سنجیدہ ذمہ داری ہے جس کے لیے بھرپور سمجھداری اور برداشت درکار ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ فاروق ستار کی ایک اہلیہ کراچی جبکہ دوسری اسلام آباد میں مقیم ہیں۔ پروگرام کے دوران انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ وہ اکثر مذاقاً اپنی اہلیاؤں سے کہتے ہیں کہ ان کے پاس لاہور میں ایک اور شادی کی گنجائش بھی موجود ہے، جس پر میزبان اور شرکاء مسکرا اٹھے۔
ان کے بیان پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں کچھ صارفین نے اسے ذاتی معاملہ قرار دیا جبکہ بعض نے اس پر تنقید بھی کی۔
