پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پرانی ویڈیو کے بعد معروف "چوہے پکڑنے والے” نوجوان استاد قمر کو حراست میں لے لیا۔ ویڈیو میں استاد قمر کو شہرت حاصل کرنے کی غرض سے چوہے اور نیولے کی لڑائی کرواتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ویڈیو ڈیڑھ سال پرانی تھی، جس پر ابتدائی طور پر کارروائی کی گئی تاہم بعد میں استاد قمر کو تنبیہ کرنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
استاد قمر نے معافی مانگتے ہوئے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ جانوروں کو نقصان پہنچانے پر شرمندہ ہیں اور آئندہ ایسا عمل نہ کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اب انہوں نے چوہے پکڑنے کا کام چھوڑ دیا ہے اور اپنے اہلِ خانہ کی خواہش پر ایک دھاگہ فیکٹری میں ملازمت اختیار کر لی ہے۔ قمر نے عوام سے اپیل کی کہ اب انہیں "چوہے مار” کہہ کر تنگ نہ کیا جائے کیونکہ وہ یہ پیشہ مکمل طور پر چھوڑ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر استاد قمر کی ویڈیوز کافی مقبول تھیں، جن میں وہ چوہے پکڑنے کے منفرد طریقے دکھاتے تھے، تاہم جانوروں کی لڑائی والی ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

