فیصل آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ توڑ 320 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس نے واسا فیصل آباد کی تاریخ میں سب سے زیادہ بارش کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ مسلسل بارش نے شہر کے مختلف علاقوں کو متاثر کیا، تاہم واسا نے فوری اور مؤثر نکاسی آب کے لیے بھرپور اقدامات کیے۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد، سہیل قادر چیمہ کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، جس کے باعث شہر کے نشیبی اور گنجان آباد علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ تاہم، تمام ڈی واٹرنگ سیٹس اور سکڑ مشینیں مکمل طور پر فعال رہیں، اور واسا کا فیلڈ عملہ مسلسل متحرک رہا۔
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ شہر کے اہم چوراہوں اور مین شاہراہوں سے پانی کی نکاسی مکمل کر دی گئی ہے، اور باقی علاقوں میں بھی نکاسی کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے۔ واسا کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہ کر صورت حال کی نگرانی کر رہی ہیں۔
اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں بارش کا الرٹ، شہری محتاط رہیں: این ڈی ایم اے
سہیل قادر چیمہ نے مزید کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے واسا کی فیلڈ ٹیمیں اور ہیلپ لائن 24 گھنٹے الرٹ ہیں۔ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ بارش سے پیدا ہونے والی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واسا کی کوشش ہے کہ شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے اور معمولات زندگی بحال ہوں۔