فیصل آباد میں حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے ایک نوجوان جوڑے کی پراسرار موت نے علاقے میں تشویش اور غم کی فضا قائم کر دی ہے۔ واقعہ فیصل آباد کے زونیر ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں نوبیاہتا جوڑے کی اچانک اموات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
پولیس کے مطابق محمد رحمان نامی نوجوان کی چند روز قبل نتاشہ سے شادی ہوئی تھی۔ گزشتہ روز دونوں میاں بیوی ایک مقامی ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے تھے، جہاں سے واپسی پر ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
اہلِ خانہ فوری طور پر دونوں کو قریبی اسپتال لے کر پہنچے، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور دورانِ علاج دم توڑ گئے۔ جوڑے کی اچانک موت کی خبر سن کر دونوں خاندانوں پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، جبکہ پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
