فیصل آباد میں ایک کیمیکل فیکٹری میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 20 ہوگئی، جب کہ 7 افراد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں فیکٹری کے ساتھ ساتھ اطراف میں واقع کئی رہائشی مکانات بھی منہدم ہوگئے۔
حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پولیس نے فیکٹری مالک اور منیجر کے خلاف قتل، اقدامِ قتل، ایکسپلوزو ایکٹ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ فیکٹری مالک محمد قیصر نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے، جب کہ منیجر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فیصل آباد: کیمیکل فیکٹری میں بوائلر دھماکے سے ہلاکتیں 15، متعدد زخمی
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد آس پاس کے کئی گھروں کی چھتیں گر گئیں، جہاں خواتین اور بچے بھی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے۔ فیکٹری میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، جب کہ مکانات کا ملبہ ہٹا دیا گیا ہے اور فیکٹری کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔
