کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اعلان کیا ہے کہ شہر میں یکم اکتوبر سے فیس لیس انفورسمنٹ سسٹم نافذ کر دیا جائے گا جس کے بعد چالان کے دوران پولیس کی براہِ راست مداخلت ختم ہو جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے سربراہ جسٹس کے کے آغا سے ملاقات کے دوران بتایا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے جدید نظام متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں اور پولیس کے درمیان تنازعات سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے سسٹم میں شواہد کی بنیاد پر ای چالان جاری ہوگا، اس طرح کسی قسم کا دباؤ یا مداخلت نہیں ہوگی، اگر قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو شہریوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جاوید عالم اوڈھو نے واضح کیا کہ پولیس کی تربیت متاثرین کی مدد کے لیے ہے اور یہ تاثر غلط ہے کہ پولیس ہیوی ٹرانسپورٹرز کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرتی ہے۔ ان کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں ہیوی ٹریفک کے خلاف چالان اور مقدمات بھی درج کیے جاتے ہیں۔
کراچی پولیس چیف نے مزید کہا کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے لیے علیحدہ فری ویز اور روڈز ہونے چاہئیں تاکہ انہیں گلیوں اور چھوٹی سڑکوں پر آنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی خرابی بھی حادثات کی ایک بڑی وجہ ہے، خاص طور پر برسات کے بعد صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے میئر کراچی کے 106 سڑکوں کی مرمت کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام شہریوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا۔