پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی اور اسموگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے افراد کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو مضر صحت دھوئیں اور آلودہ ہوا سے بچانا ہے، جو دیوالی کے دوران بھارتی سرحدی علاقوں سے آنے والی ہواؤں کے باعث مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، رحیم یار خان اور ملتان میں اینٹی اسموگ گنز اور پانی کے چھڑکاؤ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ WASA، LDA اور دیگر بلدیاتی اداروں کو فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے پر مکمل پابندی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پنجاب اسموگ مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) آج 210 سے 230 کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جو صحت کے لیے خطرناک سطح ہے۔ شہریوں کو جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں، بچے، بزرگ اور سانس کے مریض غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، جب کہ دن کے اوقات میں دوپہر 1 سے 5 بجے کے درمیان معمولی بہتری کی توقع ہے۔
لاہور میں اسموگ شدت اختیار کر گئی، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت
مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ اسموگ سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسموگ پر قابو پانے میں ہر شہری کا کردار اہم ہے اور اجتماعی کوشش ہی اس ماحولیاتی چیلنج سے نمٹنے میں کامیابی کی کنجی ہے۔