قلات کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

قلات، بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشتگردی کی سنگین واردات سامنے آئی ہے جہاں کراچی سے کوئٹہ جانے والی ایک مسافر کوچ کو فائرنگ اور دستی بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

افسوسناک واقعے میں تین مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

latest urdu news

پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ قلات کے نواحی علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اچانک کوچ پر فائرنگ کی اور بعد ازاں دستی بم بھی پھینکا۔ حملے کے وقت کوچ میں 40 سے 50 کے درمیان مسافر سوار تھے، تاہم اب تک درست تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جبکہ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال قلات منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کے محرکات اور ممکنہ دہشتگرد تنظیم کے حوالے سے تاحال کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ماضی میں بھی مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ ایسے حملے نہ صرف انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں بلکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بھی سوالیہ نشان چھوڑتے ہیں۔ حکومتی سطح پر اس واقعے کی مذمت اور تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter